• news

غزہ: صحافی، فیملی سمیت 30 شہید: اسرائیل رفح آپریشن نہ کرے تو حماس کی خفیہ معلومات دینگے: امریکہ

لندن‘ ابوظہبی‘ غزہ (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے مستقل قیام کے منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے۔ مصری حکام نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے اگر رفح میں آپریشن جاری رہا تو سکیورٹی معاہدہ منسوخ کر سکتے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نے 7 اکتوبر حملے میں اسرائیلی حکومت کی ناکامی کا اعتراف کرتے کہا بعض عرب ممالک حماس کا خاتمہ اور اسرائیل کی فتح چاہتے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ کے رہائشی علاقوں میں بمباری کر کے آٹھ بچوں سمیت 30 فلسطینی شہید کر دیئے۔ جبالیہ کیمپ پر حملے میں فلسطینی صحافی اہلیہ اور بیٹے سمیت شہید ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو جبالیہ سے مغربی غزہ جانے کا حکم دیا ہے۔ رفاح کے مشرقی اور وسطی علاقوں سے بھی مزید فلسطینیوں کو انخلاء کا حکم دیا ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ فلسطینی‘ ایک بار پھر رفاح سے بیدخل ہوئے۔ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے امریکی ہتھیاروں کے استعمال میں عالمی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزی ہوئی۔ جوبائیڈن انتظامیہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ فلسطینی علاقوں میں جنگ کے حالات کے باعث امریکی حکام مخصوص فضائی حملوں میں اس کا تعین نہیں کر سکے۔ شواہد کی تلاش سے متعلق جائزہ کانگریس میں پیش رپورٹ میں ہے دنیا بھر میں غزہ میں مظام کے خلاف طلباء کا احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ لندن کی جامعات میں طلباء نے کیمپوں میں قیام کیا۔ یو ایس یونیورسٹی کا کیمپ آزاد علاقہ قرار دے دیا۔ یونیورسٹی کالج لندن کا کیمپ ’’رفاہ کیمپس‘‘ بنا۔ ہارورڈ یونیورسٹی کا ہال صحافی شبیریں کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔ سپین میں بھی ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ مظاہرین نے صہونیوں فلسطینی سرزمین چھوڑ دو کے نعرے لگائے۔ جاپان میں سینکڑوں افراد نے انتقادہ مارچ کیا۔ ٹوکیو میں مظاہرین نے نسل کشی بند کرو کے نعرے لگائے۔ سویڈن میں یورو ویژن سانگ کے موقع پر احتجاج کیا اور فلسطین آزاد کرو کے نعرے لگائے۔امریکہ نے رفح میں بڑا حملہ نہ کرنے کیلئے اسرائیل کو پیشکش کر دی۔ امریکی اخبار کے مطابق امریکہ نے اسرائیل کو حماس رہنماؤں سے متعلق خفیہ معلومات دینے کی پیشکش کی ہے اور بدلے میں امریکہ نے اسرائیل سے رفاح میں بڑے پیمانے پر آپریشن نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکہ نے اسرائیل کو حماس کی سرنگوں کے نیٹ ورک کی معلومات بھی دینے کا کہا ہے۔ عرب ممالک نے غزہ پٹی کا انتظام سنبھالنے کی اسرائیلی تجویز مسترد کردی۔اسرائیل نے مصر اور قطر سمیت عرب ممالک کو غزہ پٹی پر کنٹرول میں شرکت کی تجویز دی تھی۔عرب میڈیا کے مطابق عرب ممالک کا کہنا ہے جنگ بندی کے بغیر غزہ پٹی میں اسرائیل کا کوئی کردار قبول نہیں کریں گے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک نے امریکا کو آگاہ کردیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن