• news

پشاور ‘جرگہ کے تنازعہ پر ایک شخص کو پٹرول چھڑک کر زندہ جلادیا گیا ‘ دادا زخمی

پشاور(بیورو رپورٹ)پشاور کے علاقہ پشتہ خرہ سفید ڈھیری میں جرگہ کے تنازعہ پر ایک شخص کو پٹرول چھڑک کر زندہ جلادیا گیاجبکہ ہاتھا پائی کے نتیجہ میں مقتول کا دادا زخمی ہوگیا، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی اور 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے اُن کی تلاش شروع کردی ہے۔ محمد اسحاق ولد مشتاق سکنہ سفید ڈھیری نے حالت نزع میں بیان دیتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز میں اپنے گھر جارہا تھا کہ راستے میں ملزمان عمران، بلال، ہلال پسران امداد، شعیب ولد شہباز اور شہباز ولد نصرو ساکنان سفید ڈھیری نے مجھے روک لیا اور پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، اس دوران میری چیخ و پکار سن کر میرا داد احسان ربی مجھے بچانے کیلئے پہنچا تو ملزمان نے اس پر تشدد شروع کردیا جس کے بعد وہ فرار ہوگئے جبکہ مجھے مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے برن یونٹ منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق بعد ازاں مجروح محمد اسحاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگیا   ملزمان پارٹی اور مدعیان پارٹی کا ایک جرگہ پر تنازعہ پیدا ہوا تھا اور اُس وجہ سے دونوں کے تعلقات سخت کشیدہ تھے، آمنے سامنے ہوتے ہی ہاتھا پائی شروع کرکے ایک دوسرے کو زخمی کیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی پشتہ خرہ سرکل سجاد حسین ،ایس ایچ او تھانہ پشتہ خرہ احمد اللہ اور انویسٹی گیشن سٹاف موقع پر پہنچے جنہوں نے اہم شواہد اکٹھے کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن