• news

پاکستان کا بھرپور مقابلہ، پنالٹی شوٹ آؤٹ پر جاپان اذلان شاہ ہاکی کپ جیت گیا

لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے)سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 2024 کا فائنل جاپان نے پاکستان کو ہرا کر پہلی مرتبہ جیت لیا ۔مقررہ وقت تک مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا ۔ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر جاپان نے چار صفر سے کامیابی سمیٹی ۔ ملائیشیا کے شہر ایپواہ میں جاری فائنل مقابلے کے پہلے کوارٹر میں جاپان نے پاکستان کیخلاف پہلا گول کیا۔ جاپانی کھلاڑی تاناکا سیرن نے میچ کے 12ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو سبقت دلائی اور پہلے کوارٹر کے اختتام تک یہی سکور رہا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے کوارٹر کے درمیان کڑا مقابلہ دیکھنے میں آیا جہاں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر حملوں کی کوشش کی لیکن گول کرنے میں ناکام رہے۔تیسرے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے میچ میں پہلا گول کردیا۔ احمد اعجاز نے میچ کے 34ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے سکور 1-1 کیا۔اس کے تین منٹ بعد ہی 37ویں منٹ میں عبدالرحمان نے فیلڈ گول کے ذریعے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر ٹیم کو 1-2 کی برتر دلادی اور اسی سکور پر تیسرے کوارٹر کا اختتام ہوا۔چوتھے کوارٹر کے آغاز میں جاپان نے پاکستانی سبقت ختم کرتے ہوئے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔ جاپان کی جانب سے دوسرا گول کازو ماسما نے 47ویں منٹ میں کیا۔پنالٹی شوٹ آئوٹ پر جاپان نے پاکستان کو چار صفر سے شکست دی ۔ پاکستان پہلی دونوں پنالٹیز پر گول نہ کرسکا‘تیسر ی پر گول کیا اور چوتھی ضائع کی ۔ جاپان نے پہلی چارو ں پنالٹیز پر گول کرکے فائنل اپنے نام کرلیا ۔ پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں لیگ میچز میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے فائنل تک پہنچی تھیں۔ قومی ٹیم نے 5 میچز میں سے 3 میں کامیابی سمیٹی جبکہ دو برابر رہے۔ جاپان کی ٹیم پانچ میں سے 4 میچز جیتے جبکہ پاکستان کیخلاف میچ ڈرا ہوا تھا۔نیوزی لینڈنے میزبان ملائیشیا کو دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ کوریا نے کینیڈ اکوچار ایک گول سے ہرا کر پانچویں پوزیشن حاصل کی ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور  وزیراعظم شہباز شریف نے اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندار کارکردگی پرپاکستان ہاکی ٹیم کی تعریف کی ہے۔ ایک بیان میں صدر مملکت نے کہا پاکستان ہاکی ٹیم  نے فائنل سمیت پورے ٹورنامنٹ  میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، پاکستانی ہاکی ٹیم کا عرصے بعد بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچناخوش آئند ہے۔ صدر مملکت نے کہا  قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، اْمید ہے قومی ہاکی ٹیم مستقبل میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ وزیراعظم  شہباز شریف نے بھی اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کھلاڑیوں  نے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کارکردگی پر فائنل تک رسائی حاصل کی، جاپان کے خلاف بھی پاکستانی ٹیم نے فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا   ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ہاکی ٹیم نے قوم کے دل جیت لیے، عرصہ دراز کے بعد قومی کھیل کے اہم  ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی انتہائی خوش آئند ہے، حکومت کھیلوں  بالخصوص قومی کھیل ہاکی کے فروغ  کے لیے  ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن