افغانستان، سیلاب سے تباہی، 300 افراد جاں بحق، مشکل گھڑی میں افغان عوام کیساتھ ہیں: پاکستان
کابل؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی۔ صرف صوبہ بغلان میں 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین نے بتایا صوبہ بغلان میں شدید بارشوں کے سبب آنے والے سیلاب سے سینکڑوں لوگ لاپتہ ہوئے اور ایک ہزار سے زائد مکان تباہ ہو گئے۔ طالبان حکومت کے عہدیداروں نے بتایا تھا کہ جمعہ کو بارش کے نتیجے میں 62 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا تھا کہ سینکڑوں شہری تباہ کن سیلاب سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں اور مرنے والوں کی تعداد نہیں بتائی، افغانستان کے متعدد صوبوں میں شدید سیلاب آیا، حکام نے بتایا بارشوں نے شمال مشرقی صوبہ بدخشاں، وسطی صوبہ غور اور مغربی ہرات میں بھی بھاری نقصان پہنچایا۔ وزارت دفاع نے کہا ایمرجنسی اہلکاروں کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے اور وہ زخمیوں اور پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق پاکستان نے افغانستان میں تباہ کن سیلاب میں ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق افغانستان میں شدید بارشوں اور اچانک سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہوا، متاثرین کے خاندانوں، زخمیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ قدرتی آفت میں لاپتہ ہوجانے والے افراد کی جلد ریکوری کیلئے بھی دعا گو ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔