• news

قانون میں گواہ کے تحفظ کا ذکر ملزم کیلئے ایسا کچھ نہیں: ہائیکورٹ 

لاہور (خبر نگار) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے مختلف عدالتوں میں پیشی کیلئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست پر کارروائی 16 مئی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے فواد چوہدری کے وکیل کو دلائل کی تیاری کیلئے مہلت دے دی۔ عدالت نے باور کرایا کہ قانون میں گواہ کے تحفظ کا ذکر ہے لیکن ملزم کو ایسا کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے، سپریم کورٹ کے جس فیصلے کا حوالہ دیا گیا ہے وہ ٹرائل کے بارے ہے۔ فواد چودھری کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ اْن کے موکل کیخلاف ایک مقدمہ ملتان اور دوسرا پنڈی میں موجود ہے۔ انسانی طور پر ممکن نہیں کہ ایک ہی دن دو اضلاع کی عدالتوں میںپیش ہو سکیں۔ استدعا ہے کہ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیشی کی اجازت دی جائے۔ فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تلخیاں اتنی زیادہ ہیں نہ کوئی بات سن رہا اور سمجھ رہا ہے، اتنی تلخیوں میں ملک آگے نہیں جاتے ہیں، کسان اور تاجر دونوں پریشان ہیں، ہاتھیوں کی لڑائی میں گھاس کا نقصان ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں سرمایہ کاری کہاں سے امید کی جائے، حالات نارمل نہیں ہو رہے۔ چھاپے مارے جا رہے ہیں اور گرفتاریاں ہو رہی ہیں، ان حالات میں ملک کیسے آگے بڑھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن