• news

پنجاب میں نئے بلدیاتی قانون کی تیاری کیلئے کمیٹی کا مشاورتی اجلاس 

لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب میں نئے بلدیاتی قانون کی تیاری کیلئے قائم کمیٹی کا دوسرا مشاورتی اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کنوینر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کی۔ شریک کنوینر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، ارکان اسمبلی، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں یونین کونسل کی آبادی کے تعین کیلئے مختلف تجاویز پر بحث کی گئی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے حتمی فیصلے سے قبل ہر پہلو پر غور ہوگا۔ یونین کونسل کی آبادی کا تعین کرنے سے پہلے کم آبادی والے دشوار گزار علاقوں کو مدنظر رکھا جائے گا اور اس حوالے سے پہلے متعلقہ ایم پی ایز سے مشاورت ہوگی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تجویز دی کہ نئی ٹائون کمیٹی یا وارڈز بنانے سے پہلے مالیاتی پہلوئوں اور انسانی وسائل کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ دیہی اور شہری آبادی کا تعین کرنے کیلئے ہر علاقے کی نئی میپنگ ضروری ہے۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس اگلے ہفتے ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن