غزہ کا گھیراو ،فلسطین کا عالمی مسئلہ بن چکا ہے:صاحبزادہ ابوالخیر
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) فلسطین کا مسئلہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ اسرائیل بربریت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ قرآن کا واضح حکم ہے کہ یہودو نصاری تمہارے دوست نہیں ہو سکتے۔ غزہ کا گھیراو ہو چکا ہے۔ فلسطینیوں کو بھوکا مارنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ قحط کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کونسل کی عاملہ کے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا عیسائیوں سے کیا شکوہ کیا جائے اسلامی حکمرانوں سے شکوہ ہے۔ ہمارے حکمران عملی اقدام تو دور کی بات زبانی بیان تک نہیں دے رہے ہیں۔ ہمیں اسلامی ممالک کے سفراء سے ملاقات کرنی چاہیے۔ پاکستان ملائیشیا، ترکی، ایران اور افغانستان کے سفراء سے ملاقات کر کے مشترکہ اقدام کرنا چاہیے۔ اسی طرح قادیانی تفسیر کی اشاعت کا فیصلہ نیز ملک میں سود کے خاتمے کا فیصلہ بھی قابل تشویش ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل اس سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرے گی اور تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے عاملہ کے اجلاس میں طے پانیوالے نکات اور فیصلہ جات کے بارے میں پریس کے اراکین کو آگاہ کیا۔