• news

پاکستانی سیٹلائٹ کی چاند کے مدار سے پہلی کامیابی

پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن آئی کیوب قمر کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوگیا جس کی بھجوائی پہلی تصویر سامنے آگئی۔چائنا نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن میں آئی کیوب قمر کے کامیاب مشن پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چینی حکام نے آئی کیوب قمر سے موصول ہونے والا پہلا امیج پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کے حوالے کر دیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے مطابق آئی کیوب قمر نے چاند کے گرد 3 چکر لگا لئے ہیں۔ مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے مدار میں گردش کرے گا۔سائنس کی دنیا میں پاکستان نے ایک زبردست سنگ میل عبور کیا ہے پاکستان اسلامی دنیا کا واحد ایٹمی ملک ہے اور چاند تک سیٹلائٹ بھیجنے والا بھی اب اسلامی دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔پاکستانی سائنس دانوں کا بنایا ہوا  سیٹلائٹ آئی کیوب قمر 12 گھنٹے میں چاند کا چکر مکمل کرتا ہے،یہ چاند کے مدار میں چاند کی سطح سے دو سو کلومیٹر کے فاصلے سے منظر کشی کرے گاجو ساتھ ساتھ فوٹجیز کی صورت میں زمین پر بھیجی جاتی رہیں گی۔ آئی کیوب قمر کے سگنلز 3 لاکھ 60ہزار سے 4 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے زمین پر موصول ہوں گے۔ آئی کیوب قمر کے کنٹرولرز، سب سسٹمز اور پروٹوکولز کی مدار میں ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری  ہے۔ آئی کیوب قمر کو چینی مشن چینگ6 کے ساتھ 3مئی کو ہینان سپیس لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا گیا تھا۔یہ حقیقت ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان کا سیٹیلائٹ آج چاند کے مدار میں ہے۔ جس ملک کے سائنسدان ایٹم بم بنا سکتے ہیں ان کے لیے ایسا سیارہ بنانا کوئی مشکل نہیں ہے۔ ابتدائی طور پر چین کے توسط سے پاکستان نے اپنا سیٹلائٹ چاند تک پہنچا دیا ہے یہی پاکستان کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان کو یہ کامیابی اس کے ماہر سائنسدانوں کی محنت اور مہارت کے باعث ہی ملی ہے۔ ٹیکنالوجی کی دنیا کا کہیں اختتام نہیں ہے اور پاکستانی سائنسدان پاکستان کو مزید جدتوں اور ترقیوں سے ہمکنار کراتے رہیں گے۔ایٹم بم بنانے کے بعد چاند تک جانے والا سیٹیلائٹ بنانے والے سائنس دانوں کو پوری قوم دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی  ہے۔

ای پیپر-دی نیشن