زراعت سے ہی ملکی معیشت کو بحال کیا جاسکتاہے: چوہدری مشتاق ورک
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک پاکستان کے کارکن اور تحریک انصاف کے سینئر رہنماء معروف کاشتکار چوہدری مشتاق احمد ورک آف کلہ نے کہا ہے کہ گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات حکومتی ادارے نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے سینئر ججز سے کرائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاشتکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے کیا۔ چوہدری مشتاق احمد ورک آف کلہ نے کہا کہ زراعت سے ہی ملکی معیشت کو بحال کیا جاسکتاہے کیونکہ ملکی انڈسٹری 70فیصد راء میٹریل زراعت سے وابستہ ہے۔ ہمیشہ کاشتکاروں نے دن رات محنت کرکے گندم کی بہتر پیداوار حاصل کی اس میں حکومتی پالیسیاں شامل نہیں تھی بلکہ کاشتکاروں کو کھاد،تیل،زرعی ادویات، زرعی مشینری بجلی ڈیزل وغیرہ مہنگی ملی مگر پھر بھی کاشتکاروں نے ہمت نہیں ہاری اور ہمیشہ ملک کو بہترین اجناس مہیا کی جبکہ دوسری طرف حکومت گندم کی قیمت مقرر کر تی ہے مگر کھاد وغیرہ کی بلیک مارکیٹنگ کو نہیں روک رہی۔