• news

مزید 27 فلسطینی شہید: حماس یرغمالی رہا کرے تو کل ہی جنگ بندی ہو جائے: جوبائیڈن

تل ابیب + مقبوضہ غزہ (این این آئی) اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے، شہید ہونے والوں میں کئی بچے اور72 سال کا سرجن اور ان کا بیٹا بھی شامل ہے۔ اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے مطابق اسرائیلی ناکہ بندی سے غزہ میں امداد ختم ہونے والی ہے۔ شمالی اسرائیل میں راکٹ حملے کے باعث سائرن بجنے لگے۔ غزہ سے داغے گئے راکٹ سے جنوبی اسرائیل میں3  افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فورسز اور لبنان کے حزب اللہ گروپ کے درمیان بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں ایک اور اسرائیلی فوجی ایریل فریم غزہ میں حماس سے جھڑپ میں مارا گیا۔ رفح سے سینکڑوں فلسطینی خاندان نقل مکانی کر گئے۔ اسرائیلی فوج نے رفح بارڈر پر ٹینکوں کی تعداد بڑھا دی۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا برطانیہ کے اسرائیل پر ہتھیاروں کی پابندی عائد کرنے سے حماس کو تقویت ملے گی۔ نتین یاہو نے کولمبیا کے صدر گستاووپیٹرو کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔ غزہ میں شہداء کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ان میں پندرہ ہزار بچے بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ ایجنسی کے مطابق غزہ میں تباہ شدہ عمارتوں کا ملبہ ہٹانے میں 14 سال لگیں گے۔ امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اگر حماس یرغمالیوں کو رہا کر دے تو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کل ہی ہو جائے گی۔ اپنے ایک انٹرویو میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے رفح پر چڑھائی کی صورت میں اسرائیل کو ہتھیار فراہم نہیں کریں گے۔ شہریوں کے قتل عام کیلئے توپ خانہ یا دیگر ہتھیار اسرائیل کو نہیں دیں گے، امریکی بم گرانے سے عام شہریوں کے مارے جانے پر بہت افسوس ہے۔

ای پیپر-دی نیشن