مرکزی مسلم لیگ کسانوں کی آواز بن گئی پریس کلب کے باہر تاریخی احتجاجی مظاہرہ
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے کسانوں کیساتھ ہونیوالی ناانصافی کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شرکاء نے حکومتی پالیسیوں کیخلاف شدید نعرے لگائے اور کسان برداری کیساتھ ہونیوالے ناروا سلوک کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مرکزی مسلم لیگ کے احتجاجی مظاہرے میں مرکزی صدر خالد مسعود سندھو، سیف اللہ خالد، چوہدری محمد سرور، شیخ محمد فیاض، مزمل اقبال ہاشمی، انجینئر حارث ڈار، کسان رہنما جہانگیر ماجرا، چوہدری اشرف ڈھلوں دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ آج ملک میں کسان کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔ کسان برادری کیساتھ ہونیوالی زیادتی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت مقرر کردہ قیمت پر تمام گندم کی خریداری کو یقینی بنائے۔مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر احتجاج ہو گا۔ سیف اللہ خالد نے ٍکہا کہ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، مرکزی مسلم لیگ کی قیادت تمام کسان تنظیموں کو اپنے ساتھ ملا کر تحریک کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ آج کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ اس ملک میں زراعت اور کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دیگی۔