بین المذاہب ہم آہنگی کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے:علامہ راغب نعیمی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معاشرے میںامن وامان برقرار رکھنے کیلئے برداشت کے کلچرکوعام کرناہوگا۔ ہمیں معاشرے میں صبروتحمل کو پروان چڑھانا ہے۔ انتشار کی کوئی گنجائش نہیں۔اسلامی تعلیمات اخوت وبھائی چارے ،تحمل وبرداشت، الفت ومحبت اوررواداری پرمبنی ہیں۔ بطور ایک پاکستانی شہری ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ دوسروں کی رائے کا احترام کیا جائے اور بے بنیاد الزامات سے گزیر کیا جائے۔ ہمیں آگے بڑھنے کیلئے تعصب سے بالاتر ہوکرسوچنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے حکومت کی طرف سے ستارہ امتیاز ملنے پر لاہور چیمبر آف کامرس میں اپنے اعزاز میں تقریب پذیرائی سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا س موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے صدرکاشف انور نے علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی،سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشارت محمودشہزاد،سینئر صحافی آغاافتخار احمدکواعزازی شیلڈسے نواز ا۔آغا افتخار احمد نے کہاکہ وطن عزیز میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو آئین پاکستان کے مطابق مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔