• news

آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا:محسن نقوی

لاہور(سپورٹس رپورٹر ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ڈبلن میں قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے دو گھنٹے طویل ملاقات میں حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی، محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو محنت، جذبے اور پروفیشنل اپروچ کے ساتھ کھیلنے کی تلقین کی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ یکسر مختلف اور جارحانہ اپروچ کی حامل ہے، ٹی ٹونٹی کرکٹ کے جدید و نئے انداز کے مطابق کھیل کر ہی جیت ممکن ہوگی، کمرے میں بیٹھ کر حکمت عملی ترتیب دی جا سکتی ہے لیکن اصل امتحان میدان میں ہوتا ہے، جہاں پرفارمنس نظر آنی چاہیے۔ بلاشبہ تمام کھلاڑی باصلاحیت، پروفیشنل اور بہترین ہیں، قومی ٹیم کا بائولنگ اٹیک شاندار ہے، فیلڈنگ پر بہت توجہ کی ضرورت ہے تاکہ مخالف ٹیم کو کوئی بھی چانس نہ مل سکے۔ کھلاڑی پاکستان کیلئے امید ہیں اور آپ نے قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے، فتح کیلئے ٹیم ورک بنیادی چیز ہے، 11 کھلاڑی ایک ہو کر پاکستان کیلئے جان لڑا دیں گے تو کامیابی قدم چومے گی۔ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور قوم کو اپنے کھلاڑیوں سے امیدیں ہیں، آخری بال تک مقابلہ کریں، مقابلہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے، آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا،آئرلینڈ اور انگلینڈ کے بعد اصل امتحان ورلڈکپ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن