پنجاب میں نان روٹی ایسوسی ایشن 15 روپے کی روٹی فروخت کرنے پر رضا مند
لاہور (آئی این پی ) پنجاب کے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری، نان روٹی ایسوسی ایشن 15 روپے کی روٹی فروخت کرنے پر رضا مند ہوگئی۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے نان روٹی ایسوسی ایشن کو 15 روپے روٹی کی فروخت پر رضامند کرلیا، وزیر خوراک سے صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی، نان روٹی ایسوسی ایشن نے 15 روپے کی روٹی فروخت کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ صدر نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے وزیر خوراک کی موجودگی میں ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا، اپنے پیغام میں صدر نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ حکومت نے آٹے کی قیمت میں بہت زیادہ ریلیف دیا اس کی دل سے قدر کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دینے میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں۔ آفتاب گل کا کہنا تھا کہ تمام تندوروں پر حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق 15 روپے کی روٹی فروخت کریں گے، حکومتی نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی، آٹے کی قیمت میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے مشن میں کامیابی ہوئی، عوام کو سستی اور معیاری روٹی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس سے قبل ملکی تاریخ میں کبھی آٹے کی قیمت میں 1200 روپے کی کمی نہیں ہوئی۔ واضح رہے وزیر خوراک بلال یاسین سے ملاقات میں سیکرٹری خوراک معظم اقبال سپرا، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب خان جدون اور متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔