• news

 شاندارحج انتظامات پر پاکستان کاسعودی حکومت کو خراج تحسین 

مدینہ منورہ(این این آئی)سعودی حکام لاجسٹک منظر نامے کو تبدیل کرنے کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کارلا رہے ہیں تاکہ ہر سال دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین حج کے لئے آسان اور محفوظ سفر ی سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے، رواں سال حج سیزن کے دوران فضائی ٹیکسیوں اور ڈرونز کا آزمائشی طور پر استعمال کیا جائے گا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے وزیر صالح الجاسر نے کہا کہ فلائنگ ٹیکسیوں کا استعمال ٹرانسپورٹ کی سہولیات میں اہم سنگ میل ہو گا جس سے عازمین حجاج کو بلا تعطل سہولت میسر آئے گی اور معزز مہمانوں کو قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے سعودی حکام کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حج کے تجربے کو جدید بنانے کا سعودی عرب کا عزم عازمین حج کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے ان کے لگن کا عکاس ہے۔انٹرویو میں سعودی وزیر صالح الجاسرنے فضائی ٹیکسیوں اور ڈرونز کے استعمال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے درمیان آنے والے برسوں میں عملی مصنوعات فراہم کرنے کے لیے بھرپور مقابلہ ہو گا۔پاکستانی عہدیدار نے کہا کہ مشترکہ کوششوں اور عازمین حج کی خدمت کے مشترکہ عزم کے ذریعے ہم حج کے سفر کو اس مقدس فریضہ پر جانے والے تمام افراد کے لیے حقیقی معنوں میں تبدیلی لانے والا اور روحانی طور پر بھرپور تجربہ بنانے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ حج اسلام کے پانچ بنیادی اراکین میں سے ایک ہے جس کی ادائیگی کے لئے عازمین سعودی عرب آتے ہیں جس کے لئے سعودی حکام کی جانب سے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن