ملک کی بہتری کیلئے بات چیت ہی واحد حل ہے،عارف علوی
لاہور (آئی این پی ) سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ افواہیں ہمیشہ ملک کوغیرمستحکم کرتی ہیں۔ ملک کی بہتری کیلئے بات چیت ہی واحد حل ہے۔ فوج کا ہم ہمیشہ دفاع کرتے ہیں اورکرتے رہیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پاکستان کی بقا کیلئے سنہرا آپشن ہے، میڈیا آزاد ہوگاتو بروقت معلومات ملیں گی، سچ بولنے سے گریز نہ کریں اور جھوٹ بولنے سے اجتناب کریں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے جمعرات کو ملاقات ہوئی تھی، انھوں نے اپنی انا کو قربان کردیا ہے، ملک کی بہتری کیلئے بات چیت ہی واحد حل ہے، جس سے بھی بات کرنا پڑی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوکہہ رہے ہیں بات چیت نہیں کرنی میں کچھ نہیں کہہ سکتا، میں توبات کرنا چاہتا ہوں،بات کرنے کی دعوت دیتا رہوں گا، میں کوشش نہیں چھوڑسکتا، خود دارشہری کے طور پر اپنا کردارادا کرتا رہوں گا۔ میں پل کا کردارادا کرتا رہا ہوں۔ سابق صدر نے مزید کہا کہ 6 ججز نے جوبات رکھی وہ مناسب ہے، کورٹ کو ہمیشہ اوپن رکھا ہے تاکہ سارے معملات سب کے سامنے ہوں، عدلیہ آزاد ہوگی توانصاف ملے گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کواس وقت سرمایہ کی ضرورت ہے، سعودی عرب سے جو وفد آیا اس سے فائدہ ہوگا۔