• news

بھارتیہ جنتا پارٹی 220 نشستیں جیتے گی ، حکومت نہیں بنا سکے گی، اروند کیجریوال 

نئی دہلی (آئی این پی ) دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے پیش گوئی کی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی 220 نشستیں جیت پائیں گی لیکن حکومت نہیں بنا سکے گی۔ ہلی میں عام آدمی کے ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ 2024 ء کے انتخابات اپوزیشن جیتے گی اور عام آدمی پارٹی اگلی مرکزی حکومت کا حصہ ہو گی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ جب انڈیا بلاک کی حکومت بنے گی تو دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔اروند کیجریوال نے کہا کہ جیل سے رہائی کے بعد پچھلے 20 گھنٹوں میں، میں نے پول یا الیکشن کے ماہرین اور لوگوں سے بات کی اور مجھے معلوم ہوا کہ بی جے پی حکومت نہیں بنانے والی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہریانہ، راجستھان، کرناٹک، دہلی، بہار، مہاراشٹر، مغربی بنگال، جھارکنڈ اور اترپردیش سے بی جے پی کی لوک سبھا میں نشستیں کم ہوں گی۔یہ میرا تجزیہ ہے اور سیاسی تجزیہ کار بھی کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی کو 220 یا  230 سے زیادہ سیٹیں نہیں ملیں گی۔ مودی حکومت چار جون کو نہیں بن رہی ہے۔اروند کیجریوال نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی امت شاہ کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ دعوی کیا کہ نریندر مودی 75 برس کی عمر میں ریٹائر ہو جائیں گے جس کے بعد وزیر داخلہ ان کے جانشین ہوں گے۔اروند کیجریوال نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر بی جے پی 2024 ء کے لوک سبھا انتخابات جیتتی ہے تو تمام اپوزیشن لیڈر بشمول ممتا بنرجی، تیجاشوی یادو، ایم کے سٹالن، پینارائی ویجین اور ادھو ٹھاکرے کو جیل بھیج دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن