مقبوضہ کشمیر: اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری نظر بندوں کی رہا ئی کیلئے کردار ادا کریں: حریت کانفرنس
سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اورایشیا واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت اورمقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں بند تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنمائوں،کارکنوں، علمائے کرام، صحافیوں، نوجوانوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قابض حکام کی طرف سے غیر قانونی نظربندیاں اور دیگر جابرانہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے لوگوں پر تشدد ، اندھا دھند گرفتاریوں، عمر قیدکی سزائوں اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین صورتحال کا اظہارہوتا ہے۔ بیان میںکہا گیا کہ مودی حکومت کی مسلم دشمن ذہنیت اورجموں و کشمیر میں یکے بعد دیگرے مسلط کردہ استعماری اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں کشمیری عوام کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔