• news

مصر کا امداد کی ترسیل کے لیے اسرائیل کے ساتھ تعاون سے انکار 

قاہرہ(این این آئی)اعلی سطح کے ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ کہ مصر نے رفح کراسنگ کے ذریعے امداد کے داخلے کے حوالے سے اسرائیل کے ساتھ ہم آہنگی سے انکار کر دیا۔ مصر نے غزہ کی پٹی میں حالات کی خرابی کا ذمہ دار اسرائیل کے ناقابل قبول حملے کو قرار دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس سے قبل اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ میں بتایا تھا کہ مصری حکام نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز کو اسرائیل کو رفح آپریشن روکنے کی ضرورت سے آگاہ کیا ہے تاکہ امن معاہدہ منسوخ نہ کیا جائے۔ مصری حکام نے حال ہی میں مصر کا دورہ کرنے والے امریکی انٹیلی جنس ڈائریکٹر کو اسرائیل پر شدید دبا ئوڈالنے اور اسے رفح میں اپنا آپریشن ختم کرنے اور سنجیدگی سے مذاکرات کی طرف واپس آنے پر مجبور کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا اور ایسا نہ ہونے پر اسرائیل کے ساتھ مصر کے امن معاہدے کو منسوخ ہوجانے کے امکان کا بھی بتایا۔اخبار نے یہ بھی اطلاع دی کہ غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ مصر امدادی ٹرک ڈرائیوروں سے رفح کراسنگ کے اپنی سائیڈ کے علاقے کو خالی کرنے کے لیے کہہ رہا ہے۔ مصر غزہ میں سکیورٹی صورتحال کے خراب ہونے کے خدشے سے اپنی سائیڈ پر حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن