اسحاق ڈار کی سیکرٹری شنگائی تعاون ینظیم دیگر سے ملا قاتیں چینی کمپنیوں کو پاکستان میں یونٹس لگانے کی دعوت
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار چین کے دورے پر بیجنگ پہنچ گئے جہاں وہ پانچویں پاک چین وزرائے خارجہ سٹرٹیجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔ پیر کو دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا بیجنگ پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل ایمبیسڈر وانگ فو کانگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے استقبال کیا۔ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سکیورٹی اور ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اجتماعی ذمہ داری کے تحت آپس میں موثر تعاون کریں اور خطے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی اجتماعی صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔ وہ پیر کو یہاں شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ سے بیجنگ میں ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سکیورٹی اور ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ سفیر ژانگ نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر حکومت پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایس سی او سیکرٹریٹ کی جانب سے تنظیم کے سربراہان حکومت کی حیثیت سے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین میں اقتصادی ملاقاتیں کیں۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے شویوانگ کے میئر نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری پر روشنی ڈالی۔ اسحاق ڈار نے ٹیکسٹائل‘ زراعت‘ آئی ٹی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ وزیر خارجہ نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں مینوفیکچرنگ یونٹس لگانے کی دعوت دی۔ میئر نے زراعت‘ توانائی کے شعبوں میں تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے بیجنگ میں گیزوبا گروپ کے چیئرمین سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گیزوبا گروپ پاکستان میں بجلی پیداوار کے متعدد منصوبے شروع کرنے والی چینی کمپنی ہے۔ وزیر خارجہ نے شانگلہ میں پیش آنے والے واقعہ پر چیئرمین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے اس گھناؤنے حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور چینی شہریوں کو سکیورٹی کی یقین دہانی کیلئے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں رینیو ایبل انرجی کی صلاحیت پبلک کرنے کیلئے گینروبا گروپ قائدانہ کردار ادا کر سکتا ہے۔ سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان نے چینی سرمایہ کاروں کو مراعات کی پیش کش کی ہے۔ ان مراعات کو گیزوبا گروپ پاکستان میں اپنے کاروبار کو بڑھانے کیلئے استعمال کر سکتا ہے۔ چیئرمین نے چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین گیزوبا گروپ نے پاکستان میں اپنے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین گیزوبا گروپ نے نئے شعبوں میں آپریشنز کو مزید وسعت دینے کے عزم کے اظہار کا اعادہ کیا۔