تحریک شروع کردی ، یکم جون کوعوامی ملیںن مارچ ہوگا سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنا چاہیے فضل الرحمن
فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے ہم نے تحریک شروع کردی ، یکم جون کو عوامی ملین مارچ ہوگا۔ فیصل آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا انتخابات کے حوالے سے سارا الزام الیکشن کمشن پر نہیں ڈالنا چاہیے، الزام الیکشن کمشن پر ڈالناہے تو اس کا مطلب ملک میں آئین اور قانون نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاست دانوں کو فکر کرنی ہوگی ہمارے الیکشن متنازعہ ہوتے ہیں، ملک کا نظام اس وقت خراب ہے، آئین موجود ہے عملدرآمد نہیں ، الیکشن کمشن تو ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھا دیکھتا رہتا ہے ، جب آئین پر عمل ہی نہیں ہوگا تو پھر آئین بنایا کیوں ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا 9مئی پر ہمارے بھی تحفظات ہیں سرکاری اداروں پر حملے کرنااور ان کو جلانا قابل مذمت ہے، یہ دھاندلی کو نہیں مانتے تو پھر عوام نے بالکل 9 مئی کے بیانیے کو دفن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ملکی ترقی کیلئے ہمیں سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنا ہوگا، اس وقت اقلیت حکومت چل رہی ہے، پیپلز پارٹی تو آئینی عہدے بھی لے رہی ہے اور کہتی ہے ہم حکومت میں نہیں ہیں۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جامعہ عبیدیہ میں حضرت سید جاوید حسین شاہ کی وفات پر ان کے جانشین نائب امیر پنجاب مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ سے تعزیت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کی جانب سے جے یو آئی کے ساتھ سیز فائر ہو چکا ہے۔ عمران خان سے جیل میں ملاقات نہیں کر رہا۔ آج کل ایسے سوالات پتا نہیں کیوں کیے جا رہے ہیں؟