گوجرانوالہ : لیبیا کشتی حادثہ کیس کے مرکزی ملزم کو60سال قید‘42لاکھ جرمانہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) خصوصی عدالت نے لیبیا کشتی حادثہ کیس میں مرکزی ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 60سال قید اور 42لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد نعیم شیخ نے 14جون 2023کو لیبیا کشتی حادثہ کیس کے مرکزی ملزم ممتاز کو تین مقدمات میں جرم ثابت ہو نے کی بناء پر 60سال قیداور 42لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کا حکم سنایا ہے ،فاضل عدالت نے ملزم کو امیگریشن آرڈیننس 1979کے تحت سزائیں سنائی ہیں ،ملزم کیخلاف تھانہ ایف آئی اے گوجرانوالہ میں انسانی اسمگلنگ کے تین مقدمات درج تھے ،ملزم پر الزام تھا کہ اس نے دو سگے بھائیوں سمیت چار نوجوانوں محمد منیب ،اللہ دتہ ،فرہاد علی اور محمد توحید سے ایک کروڑ دس لاکھ روپے وصول کئے تھے، ملزم نے چاروں نوجوانوں کو غیر قانونی طریقے سے اٹلی کیلئے بھجوایا،مگر لیبیا کشتی حادثے میں چاروں نوجوانوں سمیت 281پاکستانی سمندر میں ڈوب پر جاں بحق ہوئے تھے ،اس کشتی حادثے میں ڈوبنے والے افراد میں 50سے زائد نوجوانوں کا تعلق گوجرانوالہ ڈویژن سے تھا۔