• news

کنٹریکٹرز مہمند ڈیم کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کریں: چیئرمین واپڈا 

لاہور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا اور ڈائی ورشن ٹنلز، پاور ہاؤس اور سپل وے سمیت اہم سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سائٹس کے دورے کے بعد چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ آفس میں اجلاس کی صدارت کی۔ پاکستان میں پانی اور بجلی کی ضروریات پورا کرنے میں مہمند ڈیم کی اہمیت کو اْجاگر کرتے ہوئے اْنہوں نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل کے لئے عملدرآمد پلان کو یقینی بنائیں۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ ٹائم لائنز کے حصول کے لئے اضافی وسائل بھی بروئے کار لائے جائیں۔ قبل ازیں چیئرمین واپڈا کو دریا کا رْخ موڑنے کے لئے ڈائی ورشن سسٹم پر پیش رفت، ریکوری پلان، ڈیم مٹیریل ذخیرہ کرنے اور سپل وے پر کنکریٹنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ مہمند ڈیم خیبر پی کے کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ اپنی ساخت کے اعتبار سے دْنیا کا پانچواں بلند ترین ڈیم ہے۔ پراجیکٹ کی تکمیل 2026-27 میں شیڈول ہے۔ مہمند ڈیم میں 1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا۔ مہمند ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800 میگاواٹ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن