• news

بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ پر مضامین: نوائے وقت کی چین میں بھرپور پذیرائی

لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) دنیا کی تاریخ کے سب سے بڑے چینی پراجیکٹ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے متعلق ریسرچ بیسڈ مضامین کی 60 ویں قسط شائع ہونے پر نوائے وقت کو چین میں بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ حکومت پاکستان اور چین کی طرف سے مبارکبادی پیغامات ملنے کے بعد دونوں ممالک کے اہم میڈیا نے بھی بھرپور کوریج دی ہے۔ نوائے وقت کی دو رکنی ٹیم نے یہ کارنامہ پانچ سال میں انجام دیا۔ چین کے میڈیا سمیت پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اپنے اپنے انداز میں نوائے وقت کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، چینی سفیر جیانگ ذیڈونگ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، لاہور و کراچی کے قونصل جنرل ژاؤ شیریں اور یانگ یونڈونگ کے نوائے وقت کی ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی کو مبارکبادی پیغامات اور بی آر آئی و سی پیک سے متعلق کامیابیوں کے اعدادوشمار شائع کئے۔  مذکورہ شخصیات نے پاکستان چین دوستی کے بھرپور فروغ کے تناظر میں اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے متعلق معلومات کی فراہمی پر مسلسل پانچ سالہ جہدوجہد کا واشگاف الفاظ میں اعتراف کرتے ہوئے نوائے وقت کے مثالی کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ لاہور میں چینی قونصلیٹ جنرل نے اپنی ویب سائٹ پر مسٹر ژاؤ شیرین کے نوائے وقت سے متعلق بیان کا مکمل متن اور دی نیشن کے سپیشل ایڈیشن کو پوسٹ کیا، جو کہ آئرن برادر اور ہر موسم کے ساتھی چین اور پاکستان کی گہری دوستی کا مظہر ہے۔ پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے نوائے وقت کی خصوصی اشاعت کو بیجنگ سے اپنی ویب سائٹ پر کوریج دی اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی تصویر کے ساتھ چینی سفیر سمیت دیگر سفارتکاروں کے بیانات اور نوائے وقت کو مبارکباد سمیت ریسرچ بیسڈ کام کرنے والی دو رکنی ٹیم چیف آپریٹنگ آفیسر نوائے وقت گروپ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری (تمغہ امتیاز) اور سینئر صحافی خاور عباس سندھو، سپیشل کارسپانڈنٹ کے بیانات شائع کئے۔ اس سے قبل چین کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے خبریں دینے والی سب سے بڑی نیوز ویب سائٹ ’’چائنا اکنامک نیٹ‘‘ نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی 60 ویں قسط کی اشاعت پر خصوصی کوریج دی اور نوائے وقت کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ دوسری جانب چین سے متعدد میڈیا پرسنز، انٹیلکچوئل اور پاکستان سے سینکڑوں قارئین کے ساتھ اہم حلقوں، صحافی اور کاروباری شخصیات نے اپنے پیغامات میں نوائے وقت کی کاوش کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن