ژوب میں آپریشن کے دوران میجر شہید، تین دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) بلوچستان کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن میں تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک میجر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے قربان ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران، اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے، میجر بابر خان (عمر: 33 سال، ساکن ضلع میانوالی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔علاقے میں موجود کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔