راک سالٹ لیز کرپشن کے ذمہ داروں کیخلاف نیب سے رجوع کا فیصلہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نوازاور نواز شریف نے میو ہسپتال چلڈرن ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور چائلڈ ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ مریم نواز شریف اور نواز شریف نے ٹرائیج ایریا میں مریض بچوں کے والدین سے بات چیت کی اور تجاویز سنیں۔ سٹیپ ڈاؤن ایریا، نرسنگ روم، نیو نیٹل بلاک فارمیسی کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلی اور نواز شریف کو چائلڈ لائف فاونڈیشن کے زیر اہتمام ایمرجنسی بلاک کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ مریم نوازشریف نے میو ایمرجنسی وارڈ کے وزٹ کے فوراً بعد میٹنگ طلب کر لی۔ مریم نواز اور نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب بھر میں چائلڈ ایمرجنسی کی بہتری کے لئے اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈی رات دس بجے تک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے سی ای او احسن ربانی نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کے کسی بچے کو کوالٹی ایمرجنسی سے 30 منٹ سے زیادہ دور نہیں ہونا چاہیے۔ ہر چائلڈ ایمرجنسی میں تیز ترین آٹومیشن سسٹم سے مریض بچے کی جان بچائی جاسکتی ہے۔ پنجاب بھر میں 153 ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈ میں ٹیلی میڈیسن پروگرام فنکشنل ہوچکا ہے۔ کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں ٹیلی میڈیسن کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے 18 ہسپتالوں میں جدید ترین چائلڈ ایمرجنسی بلاک قائم ہوں گے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری دفاتر اور ہسپتالوں میں ورک ایتھکس کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ہسپتالوں خاص طور پر ایمرجنسی میں مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ سابق دور حکومت میں ہیلتھ سیکٹر کی تباہی میں کسر نہیں چھوڑی گئی۔ نواز شریف نے کہا کہ بہترین علاج ہر غریب آدمی کا حق ہے۔ ماضی میں نیشنلائزیشن نہ ہوتی تو آج ہر شعبے میں انڈیا سے آگے ہوتے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں راک سالٹ لیز میں کرپشن پر ذمہ داروں کے خلاف نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 7ویں اجلاس میں ر اک سالٹ لیزز سے متعلق فیصلہ کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ راک سالٹ پالیسی 2022 اور راک سالٹ پالیسی ترمیم شدہ 2023 کی توثیق کی منظوری دی گئی۔ مریم نواز شریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے، فوری طور پر راک سالٹ کی غیرقانونی لیز معطل کی جائیں۔ نمک کا ایک ذرہ بھی ضائع نہ ہو، 13 ارب ڈالر نمک کے معدنی اثاثے عوام کی امانت ہے۔ دنیا ہمارا نمک سستے داموں لے جا کر، ویلیو ایڈیشن کے ساتھ مہنگے داموں فروخت کرتی تو ہم کیوں نہیں کر سکتے؟۔ منصب کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہم اپنے اختیارات کو آئینی حدود میں رہ کر استعمال کر رہے ہیں۔ بلا وجہ معذرت خواہانہ رویہ نہیں ہونا چاہیے، اصول کی بات کرنے میں کوئی خوف نہیں۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ اہم تعیناتیوں کے لیے باہمی مشاورت ناگزیر ہے ۔ مخاصمت نہیں لیکن ہر معاملے میں مداخلت قابل قبول نہیں۔ صوبائی وزیر بلال یٰسین کی اہم تعیناتیوں کے لیے وزارتی کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی۔ کابینہ اجلاس میں پرائمری اور سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے پالیسی اینڈ سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ کے 23 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور خالی آسامیوں پر بھرتی پر پابندی اٹھانے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب گورنمنٹ اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹس کی سال2016ء سے 2022ء کی سپیشل، پراجیکٹ اور پرفارمنس آڈٹ رپورٹس پیش کی گئی جبکہ حکومت پنجاب کی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی برائے سال 2024ء کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، کیبل اور ڈیجیٹل میڈیا پر ایڈورٹائزمنٹ وفاقی حکومت کے طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔ ادھر مریم نوازشریف نے وزیر اعلیٰ آفس میں مدعو کرکے اذلان شاہ ہاکی ٹورنانمنٹ میں سلور میڈل حاصل کرنے والی قومی ٹیم کے لئے تین کروڑ روپے انعام دے دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف تقریب میں اپنی نشست کی بجائے کھلاڑیوں کے درمیان بیٹھ گئیں اورکھلاڑیوں کو فرداً فرداً شاباش دی۔ وزیر اعلیٰ نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے گفتگو کی اور ان کی کارکردگی اور جیت کے جذبے کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اذلان شاہ کپ میں پاکستان ہاکی ٹیم کے سلور میڈل جیتنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ہاکی صرف قومی کھیل نہیں قومی فخر ہے، 13سال بعد کامیابی ملی۔ ہاکی کی رینکنگ نیچے آنا قومی فخر کی رینکنگ نیچے آنے کے مترادف ہے۔ ہاکی ٹیم کو شہباز شریف، نوازشریف اور اپنی طرف سے بھی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ہمارے لئے بہت فخرکا لمحہ ہے کہ آپ نے ہاکی کے میدان میں قومی عزت کو بلند کیا۔ پورے ملک سے آئے نوجوان کھلاڑیوں کو دیکھ کر کہہ سکتی ہوں کہ توجہ اور سپورٹ سے مزید کامیابی حاصل ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ نہ صرف ہاکی ٹیم کو سپورٹ کریں گے بلکہ ٹیم کی اونرشپ بھی کریں گے۔ انشاء اللہ پنجاب کی ہر گلی محلے تک کھیلوں کو پہنچائیں گے۔ ہاکی کی ترقی کے لئے مالی معاونت کریں، اکیڈمیز بہتر کریں گے اور ٹریننگ کے لئے انٹرنیشنل ایکسپرٹس بھی مہیا کریں گے۔ ہاکی کی ترقی کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف اپنا کردار ادا کریں گے۔ نام نہاد سپورٹس مین کے دور میں سپورٹس کی سہولتوں کو بند کر دیا گیا۔ سپورٹس مین حکمران کو سپورٹس انقلاب لانا چاہیے تھا، اس نے تو سب تباہ کر دیا۔ ہر ادارے کو تباہ حال کر دیا گیا، جسے دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ہاکی ٹیم سپورٹس کی بحالی کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کرے، رابطے میں رہے ہم اپنی ٹیم کو ہر طرح سے سپورٹ کریں گے۔ انشاء اللہ آنے والے وقت میں ہمارے ہاکی ٹیم مزید کامیابی حاصل کرے گی۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نی صوبے بھر میں غیر فعال اور خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فوری فنکشنل کرنے کا حکم دیا ہے۔ مریم نواز شریف نے ہر علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے جامع پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلی کی زیر صدارت آب پاک اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب بھر میں 5027 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی گئی۔ تمام فلٹر یشن پلانٹ کا انتظام ایک ہی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کھارے پانی والے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نئے فلٹر یشن لگانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ شہریو ں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔