• news

وزارت منصوبہ بندی کر رہی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مثالی بنائیں گے: مریم اورنگزیب  

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو عالمی طرز پر چلا کر مثال قائم کریں گے۔ پہلی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصب سنبھالتے ہی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل میں بہتری لانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب کی اقتصادیات 2.25 ارب ڈالرز کی ہیں۔ دنیا کے 33ممالک کی جی ڈی پی پنجاب سے کم ہے۔ ملکی ترقی کی خاطر پنجاب کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو دوسرے ممالک سے ایک قدم آگے بڑھ کر ڈیزائن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح (ن) لیگ کے رہنماؤں نواز شریف، شہباز شریف کے ویژن کے تحت روڈ نیٹ ورک پرکام کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پرعزم ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انرجی، اربن ڈویلپمنٹ، سوشل سیکٹر، انڈسٹری ودیگر کو آئینی فریم ورک کے اندر لاکر سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے عوامی فائدے کے لیے قابل عمل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو وفاق اور پنجاب میں لایا جارہا ہے۔ اس کے لیے وزارت منصوبہ بندی کام کررہی ہے۔ ہم ایسا کیس سٹڈی بنا رہے ہیں جو دوسرے صوبوں کے بھی کام آئے گا۔ اس کے فائنل ڈرافٹ میں انویسٹرز اور ڈویلپرز کے فیڈ بیک کو شامل کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن