• news

مقبوضہ کشمیر: چھاپوں کا سلسلہ تیز، جابرانہ اقدامات سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا: حریت کانفرنس

سری نگر (کے پی آئی) سری نگر(کے پی آئی) جموں و کشمیر میں ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے اوردیگر بھارتی ایجنسیوں نے جرائم پر قابو پانے کی آڑ میں گھروں پرچھاپے مارنے کا سلسلہ تیز کردیاہے۔ بھارتی ایجنسیوں نے اسلام آباد، شوپیاں اور کولگام اضلاع میں کارروائیاں کیں اورحریت پسند کشمیریوں کی آوازوں کو دبانے کے لئے شہریوں کو نشانہ بنایا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے امن پسند رہنمائوں اور کارکنوں  کے گھروں پر شبانہ چھاپوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے جابرانہ اقدامات سے کشمیری عوام کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کشمیر پر اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دے۔ جبکہ ضلع بارہمولہ میں مزید دو شہریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ بی جے پی حکومت نے ضلع کے علاقے اوڑی میں محمد عارف اور محمد بشیر کی ایک کنال اور 11 مرلہ اراضی پر قبضہ کر لیا جس کی قیمت لاکھوں روپے ہے۔ دوسری جانب  ضلع کپواڑہ میں ایک نوجوان برفانی تودے کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔ نوجوان جس کی شناخت اشفاق احمد کے نام سے ہوئی ہے، ضلع میں ہندواڑہ کے علاقے جبرا میں برفانی تودے کی زد میں آکرزندگی کی بازی ہارگیا۔

ای پیپر-دی نیشن