• news

کس حیثیت میں بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ بی بی کو خیبر پی کے میں شفٹ کریں؟‘عظمیٰ بخاری 

لاہور ( این این آئی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کس حیثیت میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو خیبرپختونخوا میں شفٹ کریں؟، دونوں میاں بیوی جیل میں نہیں خالہ کے گھر میں ہیں آپکو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سیف میں نے آپکے منہ سے کبھی خیبرپختونخوا کے قیدیوں اور مریضوں کے لیے کوئی بات نہیں سنی،کس حیثیت میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو خیبرپختونخوا میں شفٹ کریں؟، پھر باقی قیدیوں کو بھی انکے صوبوں میں شفٹ کردیں۔  بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے کیسز عدالتوں میں چل رہے جائیں وہاں سے آپکو ریلیف مل رہا ہے، آپکی خواہشات کے مطابق عدالتی فیصلے ہوں تو واہ واہ کرتے فیصلے مخالف ہوتو انتقام کہتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل کی انتظامیہ دو بار بشری بی بی کے میڈیکل ٹیسٹ کروا چکی ہے، جیل انتظامیہ دونوں کے ٹیسٹ کروارہی ہے، آپکی کرپٹ اور بدیانت پیرنی صاحبہ مکمل فٹ ہے،  دونوں میاں بیوی جیل میں نہیں خالہ کے گھر میں ہیں آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،  بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی مزے سے شاہانہ جیل کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  مریم نواز سے بغض اور تعصب آپ کی ذہنی حالت کی غمازی کرتا ہے،  مریم نواز 2014سے ہی آپ کے جعلی انقلابی لیڈر کے سر پر سوار ہیں، انتقامی سیاست ہم نے بھگتی ہے لیکن آپ لوگوں کی طرح رونا دھونا نہیں کیا۔  میاں نواز شریف،مریم نواز،شہباز شریف سمیت مسلم لیگ (ن) کے درجنوں رہنماں نے جیلیں کاٹی کسی ایک نے بھی جیل انتظامیہ سے سہولیات مانگی نہ ہی کوئی شکایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن