گندم سکینڈل :تحقیقات ‘ نئی قیمت کی درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کی جائے: ہائیکورٹ
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے گندم سکینڈل کی تحقیقات نیب سے کرانے اورگندم کی نئی قیمت مقرر کرنے کے لیے دائر دونوں درخواستیں یکجا کر کے 27 مئی کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ شہری مشکور حسین نے موقف اپنایا کہ حکومتی سطح پر بنائی گئی کمیٹی شفاف تحقیقات نہیں کر سکتی ہے، حکومت خود گندم سکینڈل کا حصہ ہے، میرٹ پر تحقیقات ممکن نہیں ہے۔ استدعا ہے کہ نیب کو گندم میگا سیکنڈل کی تحقیقات کا حکم دیا جائے۔ گندم سکینڈل کے محرکات کا تعین کر کے رقم وصول کروائی جائے اور قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا جائے۔گندم کی نئی قیمت مقرر کرنے کے لیے دائر درخواست پر سرکاری وکیل کو مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے وفاقی حکومت، حکومت پنجاب، محکمہ زراعت سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ ایڈووکیٹ بلال احمد نے درخواست میں موقف اپنایا کہ رپورٹس کے مطابق، وفاقی حکومت نے 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم ہونے کے باوجود 35 لاکھ ٹن گندم باہر سے درآمد کی، وفاقی حکومت کے گندم درآمد کرنے سے قومی خزانے کو 1 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔