آزاد کشمیر میں عوامی مطالبات ، عوامی احتجاج عوام کا حق ہے:لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے آزاد کشمیر جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق، جنرل سیکرٹری جانگیر خان اور نائب امیر شیخ عقیل الرحمن سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں عوامی مطالبات اور عوامی احتجاج عوام کا حق ہے۔ بجلی، آٹا اور سرکاری ریاستی اداروں کی مداخلت کے مسئلہ پر عوامی ردِعمل فطری ہے۔ اسلام آباد حکومت اور راولپنڈی کے مقتدر اور بااختیار حکمران آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مسائل کے حوالے سے مسلسل کوتاہی، غلط اقدامات اور خطرناک حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کی خصوصی حیثیت ہے۔ اِسی لیے وفاق اور ریاست آزاد جموں و کشمیر حکومت کو وہاں کی عوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی ترجیحی اقدامات کرنا ہونگے۔ آزاد کشمیر میں جاری عوامی احتجاج کے مسائل و مطالبات کے حل میں سول حکمرانوں اور مقتدر سیاسی جماعتوں نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ آزاد کشمیر کی قوم پرست جماعتوں اور عوام کے مسترد ٹولوں نے عوامی احتجاج کی آڑ میں تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے وہاں کے عوام کے ساتھ ہے۔