7757ای چالان نادہندہ گاڑیاں ‘2ہفتوں میں48لاکھ روپے جرمانہ وصول
لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس نے دو ہفتوں کے دوران 7ہزار 757ای چالان نادہندہ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کر کے 48لاکھ روپے جرمانہ وصول کر لیا ہے۔ کریک ڈاؤن کے دوران پچاس، ساٹھ اورستر سے زائد مرتبہ ای چالان والی گاڑیاں متعدد گاڑیاں پکڑی گئیں۔لاہور ٹریفک پولیس کی پانچ ٹیمیں شہر کے مختلف چوکوں اور مصروف شاہراہوں پر موجود ہیں۔ مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹیمیں موجود ہیں۔ سی ٹی او عمارہ اطہر نے کہا کہ ای چالان نادہندہ فالٹر گاڑیوں کو پولیس اسٹیشنز اور سیکٹرز میں بند کروایا جارہا ہے، ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے مالکان پولیس سروسز بھی حاصل نہیں کرسکتے، ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس،کریکٹر سرٹیفکیٹ،ویری فیکشن و دیگر 14سہولیات میسر نہیں،سیف سٹی پنجاب اور پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا، اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہوگی۔ ٹریفک سگنل،لین لائن، دھواں چھوڑنے،ون وے ٹریفک سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر ای چالان کئے جارہے ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے ای چالان سے بچنے کیلئے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے، گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیپر اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا ہے۔