ہیلتھ انشورنس کیلئے اصلاحات لائیں گے: خواجہ سلمان‘فنانشل ماڈل بہتر کرنا ہو گا :عمران نذیر
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں برٹش ہائی کمیشن کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق و دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کا برٹش ہائی کمیشن کے وفد کے ساتھ یونیورسل ہیلتھ انشورنس سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میاں نواز شریف نے 2015 میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کا آغاز کیا تھا۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں۔ برٹش ہائی کمیشن کے وفد کا پنجاب حکومت کو صحت کے شعبہ میں تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب کے تمام بنیادی مراکز صحت کو ری ویمپ کرنے جا رہے ہیں۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کا فنانشل ماڈل بہتر کرنا ہوگا۔ دریں اثناء صوبائی وزراء نے مقامی ہوٹل میں ڈی ایچ اوز اور ڈی ڈی ایس آرز کے تربیتی سیشن میں بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کرونا وائرس نے پوری دنیا کی معیشت کو بہت بری طرح متاثر کیا تھا۔ایسی خطرناک بیماریوں سے عوام کو بچانے کیلئے ڈاکٹرزکی تربیت ضروری ہے اورہمارے ہیلتھ کیئر ورکرز کو ہر بیماری اور علاج بارے پوری آگاہی ہونی چاہئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں نظام صحت کی بہتری کیلئے محنت کر رہے ہیں۔ خدمت انسانیت سے دنیا و آخرت سنواری جا سکتی ہے۔ 2011 میں شہباز شریف کی قیادت میں ڈینگی پر قابو پا کر دیکھایا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے کرم سے وفاق اورصوبہ پنجاب میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں تا کہ انسانیت کا بھلا ہو۔ڈاکٹرز کی ٹریننگ سے ان میں لیڈرشپ کوالٹی پیدا کی جارہی ہیں۔