نئی تنظیمیں بناتے وقت نوجوانوں کو بھی شامل کریں گے:حسن مرتضیٰ
لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ نئی تنظیمیں بناتے وقت نوجوانوں کو بھی شامل کریں گے۔ وہ سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ اور ایم پی اے نیلم جبار کیساتھ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی تنظیم سازی کیلئے شروع کیے گئے مشاورتی عمل کے دوران پیپلز سیکرٹیریٹ میں ڈسڑکٹ ون اور تھری کے صدور اور جنرل سیکرٹریز عاطف رفیق چودھری، زاہد ذوالفقار اور میر شکیل چنی سے پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے دونوں ڈسٹرکٹس کا دورہِ کر کے پائلٹ پراجیکٹس کا جائزہ لونگا۔سید حسن مرتضی پارٹی کے سینئر رہنماوں میاں مصباح الرحمن اور منظور مانیکا سے بھی ملاقات کرنے کیلئے انکے دفتر اور گھر گئے۔ ملاقات میں پڑھے لکھے، مخلص اور با وسیلہ نوجوانوں کو آگے لانے پر اتفاق کیا گیا۔بعد ازاںانہوں نے میاں منظور مانیکا کی عیادت کی اورجلد صحت یابی کی دعا کی۔