• news

پاکستان کی خودمختاری اور مسئلہ کشمیر پر حمایت جاری رکھیں گے: چین

 بیجنگ (  (اے پی پی+نوائے وقت رپورٹ) چین اور پاکستان کے درمیان بیجنگ میں اسٹریٹجک مذاکرات کا پانچواں دور ہوا جس میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ، جغرافیائی سرحدوں کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان بیجنگ میں اسٹریٹجک مذاکرات کا پانچواں دور ہوا جس کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔چینی وزیر خارجہ وانگ ڑی نے کہا کہ چین اور پاکستان تزویراتی شراکت دار ہیں ہماری دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے جو کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہورہی ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہیں جوکہ باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، چین کی ون چائنا پالیسی پر پاکستان کا موقف قابل تحسین ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی ہم منصب سے سی پیک سمیت دیگر موضوعات پر بات چیت ہوئی، چین کی مہمان نوازی کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، مسئلہ کشمیر پر چین کے مسلسل حمایت کرنے پر اس کے شکر گزار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات میں چین اور ہمارے درمیان کئی امور پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین سمیت تمام بنیادی امور پر چین کی حمایت جاری رکھے گا جب کہ چین نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی و جغرافیاتی سلامتی کے حوالے سے حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
 علاوہ ازیں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو بیجنگ میں چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم ڈنگ زوکسیان سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اعلی حکام بھی موجود تھے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس سال 26 مارچ کو شانگلہ حملے پر چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم سے تعزیت کا اظہار کیا اورمجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی اور مارے جانے والے چینی کارکنوں کی خدمات کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے، تجارت، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوں پر تفصیلی  تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نیخنجراب بارڈر کراسنگ کے ذریعے رابطے اور ویزا کے آسان نظام پر بھی تبادلہ خیال اور تعاون کے تمام شعبوں میں پاک چین تعلقات کی بڑھتی ہوئی رفتار کو برقرار رکھنے اور پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے توانائی اور انفراسٹرکچر میں سی پیک  کی طرف سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صنعت، زراعت اور معدنی ترقی کے شعبوں میں دوسرے مرحلے کے تحت مثبت منافع پر اعتماد کا اظہار کیا۔ چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ  ذوکسیان نے معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تعاون کے تمام شعبوں میں پاکستان کے لیے چین کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور باہمی خوشحالی اور ترقی کے لیے سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن