آزاد کشمیرمیںاحتجاج ختم ہوتے ہی سستے آٹے کی ترسیل شروع
مظفرآباد‘ تتہ پانی(نامہ نگاران)جائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ وپہیہ جام شٹر ڈائون کے بعد معمولات زندگی بحال،مارکیٹیں اور بازار کھل گئے،اندرون شہر اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اپنے معمول پر آگئی جبکہ چار روز قبل بند کی گئی انٹر نیٹ سروس بحال نہ کی جاسکی،انٹرنیٹ بندش سے عام صارفین شدید مشکلات کا شکار۔عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آزادکشمیر بھرمیں انٹرنیٹ کو فی الفور بحال کیا جائے۔مرکزی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کاوشیں رنگ لے آئیں ، سستے آٹے کے حکومت کے اعلان پر فوری عملدآمد ہوگیا، محکمہ خوراک آزادکشمیرکی طرف سے عوام کو سستے آٹے کی ترسیل شروع کردی ،آج محکمہ خوراک کے سول سپلائی ڈپوتتہ پانی سے بھی نئے جاری نرخ کے مطابق ڈیلران کے ذریعے عوام کوآٹا فراہم کیا گیا،عوام میں خوشی کی لہر دوڑگئی ہے، عوامی حلقوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے لئے حکومت آزادکشمیر کو وافر فنڈز کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی وافرمقدار میں فراہمی اورمنصفانہ ترسیل کو یقینی بنایا جائے،تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑئے۔