5 سالہ ایجوکیشن ریفارمز پروگرام، تعلیمی معیار کو ہر صورت بہتر بنانا ہے: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایجوکیشن ریفارمز کے پانچ سالہ پلان کا ماہانہ شیڈول طلب کرلیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پرائمری سکول ہیڈز کو 32298 کمپیوٹر ٹیب دینے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے سکول نیوٹریش پراجیکٹ پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں 1000-ایلیمنٹری سکولوں میں STEM آئی ٹی اینڈ سائنس لیب قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ایشین ڈویلپمنٹ بنک STEM لیب کے قیام کے لئے 100ملین ڈالر کی مالی معاونت کرے گی۔ سرکاری سکولوں کے 3-لاکھ بچوں کو گوگل سرٹیفیکیشن کے لئے معاہدے کی اصولی منظوری دی گئی۔ ڈیجیٹل سفر برائے ٹیک ویلی پراجیکٹ کے تحت طلبہ کو گوگل سرٹیفکیشن کے مواقع ملیں گے۔ پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ ٹریننگ کے قیام کی تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں کوالٹی آف ایجوکیشن کوہر صورت بہترین کرنا ہے۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ایجوکیشن، سیکرٹری فنانس، ایم ڈی پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ، ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن، سی ای او پنجاب ایجوکیشن انیشیٹو مینجمنٹ اتھارٹی، ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز پروگرام اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ژوب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر بابر خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مظفر گڑھ میں صحافی اشفاق احمد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمن ملٹی نیشنل کمپنی میٹرو کی سینئر وائس پریزیڈنٹ ای ون جولیٹا بولو نے ملاقات کی، جس میں میٹرو اور پنجاب حکومت کے درمیان روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا موزوں ترین ماحول میسر ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری اور بزنس میں توسیع پر بھرپور معاونت کی جائے گی۔