پٹرول 15.39، ڈیزل 7.88، مٹی کا تیل 9.86 روپے لٹر سستا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کرتے ہوئے پیٹرول 15 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 88 پیسے سستا کردیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ 15 روز تک برقرار رہیں گی۔ وفاقی حکومت نے ایک ماہ کے دوران مسلسل دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی لیٹر قیمت 288 روپے 49 پیسے سے کم ہوکر 273 روپے 10 پیسے ہوگئی ہے۔ 7 روپے 88 پیسے کی کمی کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کے نرخ 281 روپے 96 پیسے سے کم ہوکر 274 روپے 8 پیسے لیٹر ہوگئے ہیں۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 86 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے لیٹر کمی کی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوگیا۔