مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہمیشہ انتخابی ایجنڈا مکمل کیا: عارف سندھیلہ
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ انتخابی ایجنڈا مکمل کیا مگر ہر بار نواز شریف اور اس کی حکومت کے خلاف سازشیں کی گئیں جن کا خمیازہ ملک و قوم کو بھگتنا پڑا۔ ہم آج بھی پارٹی قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں اور ملکی ترقی و خوشحالی کا مصصم عزم لے کر میدان عمل میں اتر چکے ہیں۔ پارٹی قائد کے انقلابی ویژن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوا کوئی سیاسی جماعت مفاہمت کی مخالف نہیں۔ موجودہ بے یقینی کی صورتحال پی ٹی آئی کی ساڑھے تین سالہ حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے۔ عوام کو مایوسی کی دلدل سے نکالنے کیلئے (ن) لیگ ماضی سے بڑھ کر کردار ادا کرے گی۔