• news

24 اداروں کی نجکاری کا فیصلہ، پہلے پی آئی اے کی ہوگی: عبدالعلیم 

 اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) سمیت24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرچکی ہے۔ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام 16ویں آل پاکستان چیمبر ز صدور کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ دنیا بھر کے کاروباری رحجانات کے مطابق ہمیں بھی تبدیلیاں لانا ہوں گی، بزنس کرنا حکومت کا کام نہیں بلکہ کاروباری طبقے کو ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے لیے مناسب ماحول پیدا کرنا حکومت کی اصل ذمہ داری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بزنس اور تجارت کو فروغ ملے گا تو نہ صرف ملک میں خوشحالی آئے گی بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور اس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے گا۔ کاروبار کرنا یا چلانا حکومت کا کام نہیں، حکومت کا کام کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنا ہے، کاروبار ہوگا تو ملک میں خوشحالی آئے گی اور اس سے عام آدمی کو بھی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں چیمبر آف کامرس اور ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے۔ اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ سرمایہ کاری کونسل معاشی بہتری اور کاروباری طبقے کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن