• news

 عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کیلئے موت اور زندگی کا معاملہ: پیر منور جماعتی  

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے، اسے مسلمانوں کیلئے زندگی اور موت کا معاملہ کہا جائے تو اس میں ذرہ بھر بھی مبالغہ نہ ہو گا، ساری امت مسلمہ کا اس بات پر اجماع ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سلسلہ نبوت و رسالت کی آخری کڑی ہیں، مسلمانوں کو فتنہ قادیانیت سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، منکرین ختم نبوت کا تعاقب ہر مسلمان پر لازم ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین عالمی ختم نبوت فاؤنڈیشن پاکستان و سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری رحمۃ اللہ علیہ کے 74ویں سالانہ عرس کی تقریبات کے موقع پر ختم نبوت و تحفظ ناموس رسالت کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ عرس تقریبات کی سرپرستی پیر سید خورشید حسین شاہ جماعتی، قیادت پیر سید ذاکر حسین شاہ جماعتی اور قیادت پیر سید مظفر حسین شاہ جماعتی نے کی۔ سجادہ نشین پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا حضرت امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری رحمۃ اللہ علیہ نے ملت اسلامیہ کی کشتی کو گرداب سے نکال کر پاکستان کی منزل دکھائی‘  استحکام پاکستان کیلئے کردار حضرت امیر ملت رحمۃ اللہ علیہ کے فروغ کی ضرورت ہے۔  اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید عرفان شاہ مشہدی نے کہا کہ پاکستان میں نفاذِ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہی قیام امن ممکن ہے، اسلامی تعلیمات اور عدل و انصاف کی بالادستی ہی ملک میں خوشحالی لا سکتی ہے، حیاء کے کلچر کو عام کر کے فحاشی و عریانی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قادیانیت اپنے مکروہ چہرے کو بدل بدل کر عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ عرس کی تقریبات کے حوالے سے انجمن خدام الصوفیہ امیر ملت ٹرسٹ کے زیراہتمام لنگر کا بہترین اہتمام کیا گیا تھا، پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئیں تھیں‘ آنے والے مہمانوں کیلئے دھوپ سے بچاؤ کیلئے دیدہ زیب ٹینٹ لگانے کے علاوہ پنکھوں کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ عرس تقریبات کے اختتام پر سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور  دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں بشمول کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعا کروائی۔

ای پیپر-دی نیشن