جیل، کینال، فیروز پور روڈ سمیت 5 سڑکوں پر بھی بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا داخلہ بند
لاہور (نامہ نگار) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شہر کے متعدد سڑکوں کو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کیلئے نوگو ایریا قرار دے دیا ہے۔ مال روڈ کے بعد اب شہر کے مزید روڈز جن میں جیل روڈ، کینال روڈ، مین فیروزپور روڈ، مین بلیوارڈ، کینٹ شامل ہیں، پر اب موٹر سائیکل سوار بغیر ہیلمٹ سفر نہیں کر سکیں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ ہیلمٹ کی پاسداری میں عوام کا فائدہ ہے۔ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم سے ہسپتالوں میں غیر معمولی لوڈ میں کمی دیکھنے میں آئی۔ 95 فیصد شہریوں کا ہیلمٹ پہننا خوش آئند ہے۔ 5فیصد کیلئے مزید سختی کرنے کی ضرورت ہے۔ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر دو ہزار روپے جرمانہ کیا جا رہا ہے۔ رواں برس ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔