روسی صدر کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سٹرٹیجک شراکت داری بڑھانے کا معاہدہ
بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) روس کے صدر ولادی پیوٹن نے بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی صدر چین کی دو روزہ دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے سٹرٹیجک شراکت داری کو مضبوط کرنے کی دستاویزات پر دستخط کئے۔ اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے روسی صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کیا اور کہا کہ چین روس کا ہمیشہ ایک اچھا پڑوسی دوست اور باہمی اعتماد کا شراکت دار رہے گا۔ روسی صدر نے کہا کہ شی جن پنگ کے ساتھ بات چیت پرتپاک اور دوستانہ رہی۔ چینی صدر سے یوکرائن بحران، تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری پر بات کی۔ ولادی میر پیوٹن کا کہنا تھا کہ چین اور روس پرامن جوہری تعاون کو گہرا کر رہے ہیں۔ روس اور چین لاجسٹک کوریڈور تیار کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سمجھتے ہیں کہ ایشیا پیسفک خطے میں قابل اعتماد سکیورٹی ڈھانچہ تیار کرنا ضروری ہے۔