• news

کسانوں کا نقصان وصول کرینگے، مافیا کیخلاف بڑی جدوجہد کیلئے تیار ہو جائیں: حافظ نعیم

لاہور، حافظ آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) حافظ نعیم الرحمن نے کسان مارچ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے دفاتر میں کسان اپنے نقصانات بارے رپورٹ جمع کرائیں۔ ہم حکومت سے ایک ایک پائی وصول کریں گے۔ آئی ایم ایف کے غلاموں سے حق لیں گے۔ تم کسان کو برباد کرکے کبھی خوشحال نہیں ہو سکو گے۔ اس مافیا کے خلاف ایک تحریک چلانے اور اسے تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ لوگ اسلام آباد کیلئے تیار ہوں تو یہ مافیا راستہ نہیں روک سکے گا۔ ایک بڑی جدوجہد کیلئے تیار ہو جائیں۔ گرفتار کسانوں کو فوری رہا کیا جائے۔ 24 مہینوں میں پی پی، مسلم لیگ اور ایم کیو ایم کی حکومت رہی ہے۔ کہتے ہو یہاں سرمایہ کاری کرو اور خود لوگوں کا خون نچوڑ کر باہر لے جاتے ہو۔  تم مزید اس ملک پر اپنا قبضہ نہیں کر سکو گے۔ وڈیروں، جاگیرداروں اور خون چوسنے والوں سے ملک کو آزادی دلوائیں گے۔ پاکستان بڑے جاگیرداروں  کیلئے نہیں بنایا گیا۔ ہم پر بجلی، گیس، پٹرول کے بم گرائے جاتے ہیں۔ آئی ایم ایف سے بھیک لیتے ہیں۔ جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑے گی۔ آئی ایم ایف کے غلام پاکستان کو کبھی آزاد نہیں ہونے دیں گے۔ ہم نوجوانوں کا ہاتھ تھام رہے ہیں۔ 25 مئی کو جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ اگر کروڑوں لوگ باہر نکل گئے تو چچا، بھتیجی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔ ملک ان جاگیرداروں  کیلئے نہیں بنا جو کسانوں کا حق کھاتے ہیں۔ یہ لوگ عوام کی طاقت کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ ہم اپنے اداروں اور فوج کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ آزاد کشمیر سے سبق حاصل کرو۔ سب اپنی آئینی حدود میں چلے جاؤ ورنہ تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ضلع حافظ آباد اور سرائے مغل میں پولیس نے کسان راہنمائوں اور جماعت اسلامی کے عہدیداران کے گھروں پر رات گئے چھاپے مارے گئے۔ کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی نائب صدر امان اﷲ چٹھہ اور جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ملک شوکت حیات پھلروان  سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ سرائے مغل سے پولیس چھاپوں اور گرفتاریوں کے باوجود جماعت اسلامی اور کسان بورڈ کے سینکڑوں کارکن امیر جماعت اسلامی پاکستان امیر حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میںلاہور میں وزیر اعلی ہائوس کے سامنے گندم بحران پر احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے حق دو کسان مارچ کے شرکاء کی گرفتاریوں اور مظاہرین پر پولیس تشدد کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ہتھکنڈے شرمناک ہیں اور ان حربوں سے کسانوں کے مطالبات کے حق میں جماعت اسلامی کی جاری تحریک ماند نہیں پڑے گی بلکہ اس میں مزید تیزی آئے گی۔  منصورہ  سے جاری بیان میں انہوں نے گرفتار کسانوں کی فی الفور  رہائی کا مطالبہ کیا اور حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران پرامن تحریک کو بھڑکانے کی بجائے کسانوں کے مطالبات منظور کرے۔

ای پیپر-دی نیشن