صدر زرداری سے فیصل کنڈی، رانا تنویر کی ملاقاتیں
اسلام آباد + شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار خصوصی) صدر زرداری سے گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے گورنر خیبر پی کے کا عہدہ سنبھالنے پر فیصل کریم کنڈی کو مبارک باد دی۔ فیصل کریم کنڈی نے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ زرداری نے گورنر خیبر پی کے کو مفاد عامہ کے لئے کام کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے ملاقات کی ہے اور ان سے وفاقی کابینہ میںپیپلز پارٹی کی شمولیت، آئندہ وفاقی بجٹ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ہے، اس موقع پر ممتاز صنعت کار رانا طاہر اقبال بھی موجود تھے۔ وفاقی حکومت کے قیام کے بعد نواز لیگ کی طرف سے پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ رانا تنویر حسین نے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اس سے قبل انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی ہے اور آئندہ چند روز میں وہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے۔ رانا تنویر حسین نے کہاکہ اس وقت ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کیلئے تمام جمہوری قوتوں اور اکائیوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ نواز لیگ ماضی کی طرح اب بھی پیپلز پارٹی کو ساتھ لیکر چلنے کی خواہاں ہے اور اس سلسلہ میں پارٹی قیادت میں نواز شریف ، شہباز شریف نے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین کی گرفتاری سے لیکر اس کی حالیہ ضمانتوںکے حوالہ سے نواز لیگ کا کوئی کردار ادا نہ ہے اور نہ ہم کسی بیک ڈور چینل کا ڈپلومیسی پر یقین رکھتے ہیں۔ نواز لیگ نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیںکیا۔ تاہم اس میںبانی چیئرمین تحریک انصاف کا کردار ہمیشہ انتہائی منفی اور غیر سنجیدہ رہا ہے۔