پاکستان بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ‘ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کا میزبان‘بھارت شرکت کریگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے پاکستان میں کرکٹ کا ورلڈ کپ کھیلا جائیگا‘پاکستان کو ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کی میزبانی بھی مل گئی۔چیئرمین بلائنڈ کرکٹ کونسل پاکستان سید سلطان شاہ کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کو بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی دیدی، چوتھا بلائنڈ ورلڈ کپ 22 نومبرتا 3 دسمبر شیڈول ہے۔ بھارت نے سب سے پہلے شرکت کی تصدیق کی ہے۔ نیپال، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، سری لنکا نے بھی تصدیق کردی۔سید سلطان شاہ نے کہا کہ قوی امکان ہے کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان آئیگی، ویسٹ انڈیز کی بھی شرکت کا امکان روشن ہے، بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو فائدہ ہوگا، بھارت کا ورلڈکپ میں آنا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے اہم ہے، چاہتے ہیں سندھ حکومت کے تعاون سے ورلڈ کپ کا انعقاد کراچی میں ہو۔سندھ کے وزیر برائے کھیل وامورنوجوان سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ رواں سال پاکستان میں چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کاانعقاد خوش آئند ہے، حکومت سندھ کراچی میں اس میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ ورلڈ کپ کے کراچی میں انعقاد کیلئے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرونگا۔ اہم موقع کو جانے نہیں دیں گے۔ پاکستان کو ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کی میزبانی مل گئی۔ ایونٹ کی میزبانی کی تصدیق بیس بال فیڈریشن آف ایشیا کے اجلاس میں کی گئی۔سیکرٹری پاکستان بیس بال فیڈریشن فخر علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایونٹ کی میزبانی ملنا پاکستان پربھرپوراعتماد کا اظہار ہے، ایونٹ اکتوبر میں کرانے کا ارادہ ہے، وینیو اور تاریخوں کا اعلان جلد ہو گا۔بھارت ، سری لنکا ، نیپال،عراق،افغانستان اورسعودی عرب کی ٹیمیں شریک ہوں گی، فلسطین اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی ایونٹ میں حصہ لیں گی۔ بیس بال فیڈریشن آف ایشیا کی ایگزیکٹو میٹنگ چینی شہر تائپے میں ہوئی جس دوران پاکستان کو ایونٹ کی میزبانی دیئے جانے کی تصدیق کی گئی۔