• news

 ایس ڈی جیز کے حصول میں نجی شعبے کا اہم کردار ہے ، احسن اقبال 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایس ڈی جیز کے حصول میں نجی شعبے کا اہم کردار ہے ،میڈیا عوام تک ایس ڈی جیز کی آگہی میں مدد کرے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوقومی پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے وزارت منصوبہ بندی میں کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کیلئے بہتر ملک چھوڑنا ہے ،صنعتی انقلاب میں قدرتی وسائل کاغلط استعمال کیا گیا ،پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ پہلے10ممالک میں شامل ہے،سماجی اشاریوں میں ہم پسماندہ ملکوں میں شامل ہیں ،ایس ڈی جیز پر عملدرآمد سے ہی ترقی ممکن ہے ،یہ بھی دیکھنا ہے کہ پاکستان کا بجٹ ایس ڈی جیز سے مطابقت رکھتا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ایس ڈی جیز کے حصول میں نجی شعبے کا اہم کردار ہے ،میڈیا عوام تک ایس ڈی جیز کی آگہی میں مدد کرے ،ہمسایہ ملک نیمنزل حاصل کر لی ، ہم نے 76 سال ضائع کر دیئے ،محنت کر کے پاکستان کو 2047 تک دنیا کی پہلی 10معیشتوں میں لا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں منفی آوازیں ختم کرنا ہوں گی، پاکستان کی معاشی ترقی کے سنگل ایجنڈا کو اپنانا ہے،ایسی ترقی کہ ہر شہری ترقی سے خوشحال ہو،پائیدار ترقی کے اہداف جب رکھے گئے اس کا مقصد ترقی کرنا تھا، دنیا ان اہداف کا پھل حاصل کرے اور ترقی کرے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ و پائیدار ترقی قائم کریں، پائیدار ترقی کے اہداف اقوام متحدہ کا نہیں پاکستان کا ایجنڈا ہے، پائیدار ترقی کے اہداف کو 2015 میں 2025 کے ترقی کی وڑن میں شامل کیا گیا، ہمارے سوشل اشاریے اگر معاشی اشاریوں سے ہم آہنگ نہیں ہوں گے ترقی ممکن نہیں،آج ان تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کیا گیا ہے جو اس عمل کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کا بڑا اہم کردار ہے،وسائل کی تقسیم کا کام پارلیمنٹ کرتی ہے، پاکستان کے عوام نے ارکان پارلیمنٹ کے اپنے مینڈیٹ سے پارلیمان میں بھیجا ہے، سول سوسائٹی اور نجی شعبے بھی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن