• news

سٹاک مارکیٹ تیز، 74930 پوائنٹس پر بند، ڈالر 10 پیسے، سونا 1600 روپے تولہ مہنگا

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل جاری ہے۔ جمعرات کو کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس کو 75ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرتے دیکھا تاہم75029 پوائنٹس پر مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان غالب آگیا اور مارکیٹ 213 پوائنٹس منفی سائیڈ پر آ گئی۔ سٹاک ماہرین کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری پر سرمایہ کار متحرک ہیں۔ سیمنٹ سٹیل اور کمرشل بنکو ں میں بھی سرگرمیاں دیکھی جا رہی ہیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کے ایس ای100 انڈیکس میں 266.72 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 74663.98 پوائنٹس سے بڑھ کر 74930.70 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس 74.18پوائنٹس کے اضافے سے 24071.51پوائنٹس سے بڑھ کر 24145.69 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 48463.97پوائنٹس سے بڑھ کر48536.94پوائنٹس پر جا پہنچا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں15ارب 16کروڑ 5لاکھ 28ہزار 559روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 100کھرب 70ارب 23کروڑ 22لاکھ 44ہزار 300روپے سے بڑھ کر 100کھرب 85 ارب 39کروڑ 27لاکھ 72ہزار 859روپے ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز انٹربنک میں ڈالر کی قدر10پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قدر278.35 روپے سے بڑھ کر 278.45 روپے ہو گئی، اسی طرح9پیسے کے اضافے سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر279.45روپے سے بڑھ کر279.54 روپے ہو گئی۔ ملک میں سونے کی قیمت میں1600روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 45 ہزار 600روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 1371 روپے کی اضافے سے 2 لاکھ 10 ہزار 562 روپے ہو گئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں 25 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 2390 ڈالر کا ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن