حج مشن، پاکستانی حکام کی وفاقی وزیر کو مدینہ منورہ میں بریفنگ
مدینہ منورہ+ مکہ مکرمہ+ اسلام آباد (جاوید اقبال بٹ+ ممتاز احمد بڈانی+ خبر نگار) وفاقی وزیر مذہبی امور و حج چودھری سالک حسین کا پاکستان حج مشن مدینہ منورہ آمد پر جوائنٹ سیکریڑی احمد ندیم اور ڈائریکٹر حج مشن نے استقبال کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے پاکستان ہاؤس میں قائم مین کنٹرول روم میں مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جن میں بلڈنگ پلان، شعبہ تلاش و گمشدہ سامان ، ڈیپارچر سیل مکہ، شکایت مینجمنٹ سسٹم کا معائنہ کیا۔ پاکستان میڈیکل مشن کے شعبہ جات ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف سے معلومات، ادویات کا سٹاک چیک کیا۔ جبکہ وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کو جوائنٹ سیکریٹری احمد ندیم کے ہمراہ ڈائریکٹر حج مدینہ ضیاء الرحمن نے حج انتظامات پر بریفنگ دی۔ حجاج کی آمد و رفت، رہائش کیٹرنگ سمیت تمام شعبہ جات کے متعلق بریفنگ دی۔ اس کے بعد وفاقی وزیر چودھری سالک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سعودی حکومت نے شاندار حج انتظامات کئے ہیں۔ خادم الحرمین الشریفیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔ جبکہ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان حج مشن میں تمام شعبہ جات محنت، لگن اور دینی جذبے سے کام کر رہے ہیں۔ پاکستانی سرکاری سیکم کے حجاج کرام کو مسجد نبوی کے جوار رہائشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نمائندہ نوائے وقت جاوید اقبال بٹ کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا پاکستان ہائوس کی دو عمارتیں توسیعی منصوبے میں آنے کے بعد منہدم کر دی گئی تھیں۔ اس معاملہ کو سعودی وزیر حج سے ملاقات میں ان سے اس کے بدلے پلاٹ دینے کا کہا جائے گا تاکہ نئی عمارت تعمیر ہو سکے۔ دوسرا انہوں نے مدینہ منورہ میں شعبہ پاسپورٹ اور نادرا آفس کے اجراء کرانے کا اعلان کیا کہ اس پر ترجیجی بنیادوں پر عملدرآمد کروا کر مقیم پاکستانیوں کو سہولیات دی جائیں گی۔