ملکوال: کشتی دریائے جہلم میں الٹ گئی، ماں، بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق
منڈی بہاؤالدین (نامہ نگار) ملکوال کے نواحی علاقہ نورپور پیراں کے قریب دریائے جہلم میں کشتی الٹنے سے 35 افراد ڈوبنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ باقی کو زندہ بچا لیا گیا۔ مرنے والوں میں دو خواتین اور چار بچے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بدقسمت خاندان نے پیراں والا ضلع جہلم سے اپنی کار کشتی (بیڑے) پر لوڈ کی۔ دو خواتین عظمت بی بی، شہناز بی بی اور چار بچے چھ سالہ غیور عباس، چھ سالہ شاہ میر، آٹھ سالہ شہیر عباس اور دو سالہ رعنا کار میں ہی بیٹھے تھے۔ کشتی دریا جہلم میں توازن برقرار نہ رکھ سکی اور الٹنے سے کار اور کیری ڈبہ سمیت دریا میں جا گری۔ کشتی میں 35 افراد سوار تھے۔ کار میں سوار دو خواتین اور چار بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو آپریشن کرکے نعشیں دریا سے نکال لی گئی ہیں جبکہ باقی افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کشتی حادثہ کے متاثرین کیلئے 60 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منڈی بہاؤالدین میں کشتی الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔